اسلامی بینکاری کی معاصر تعبیرات کا تقابلی تجزیہ

محمد تقی عثمانی اور عبدالسلام بھٹوی کے نقطہ ہائے نظر کی روشنی میں تعارف (Introduction)اسلامی بینکاری عصر حاضر میں اسلامی مالیاتی نظام کی ایک اہم اور نمایاں پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس کا بنیادی مقصد سود

مصنف:حافظ عبد الحمید
تاریخ: 7 مارچ 2026

دیگر مضامین

تمام مضامین دیکھیں

Imam Abu Hanifah’s Contribution to Hadith Sciences: A Reassessment

Sulaiman Kaka KhelM.Phil Islamic Studies, University of MalakandEmail: [email protected] Shaukat ZamanM.Phil Islamic Studies, University of

تاریخ: 15 مئی 2026
مصنف:سلیمان کاکا خیل

تنبیہ الغافلین (ازفقیہ ابواللیث سمرقندی رحمتہ اللہ علیہ) کا منہج

واہمیتِ موضوع (Introduction & Significance) علامہ ابواللیث نصر بن محمدبن ابراھیم بن الخطاب الفقیہ الحنفی

تاریخ: 2 اپریل 2026
مصنف:محمد جمیل

Belief in Life After Death (Ba‘th ba‘d al-Mawt) in the Light

of Surah al-Rum: Worldly Impacts Bi Bi Saima Aman ullah M.Phil. Scholar, Bahria University Karachi.Head

تاریخ: 1 اپریل 2026
مصنف:صائمہ امان اللہ

خلع وتنسیخ نکاح سےمتعلق فیملی کورٹ کے فیصلے:اسلامی تعلیمات کی روشنی

میں تجزیاتی مطالعہ )اسلام آبادکااختصاصی مطالعہ: 2022تا 2024 ( تمہید:ایک وقت تھاکہ مسلمان اپنے طرز

تاریخ: 30 مارچ 2026
مصنف:ڈاکٹر محمد رحمان

دیگر موضوعات

حافظ عبد الحمید

محمد تقی عثمانی اور عبدالسلام بھٹوی کے نقطہ ہائے نظر کی روشنی میں

تعارف (Introduction)
اسلامی بینکاری عصر حاضر میں اسلامی مالیاتی نظام کی ایک اہم اور نمایاں پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس کا بنیادی مقصد سود (ربا) سے پاک ایک ایسا مالیاتی نظام قائم کرنا ہے جو شریعتِ اسلامی کے اصولوں کے مطابق ہو اور معاشی انصاف، شفافیت اور باہمی تعاون کو فروغ دےقرآن مجید اور سنت نبوی ﷺ میں ربا کی صریح اور قطعی حرمت کے بعد امت مسلمہ کے لیے یہ ایک بنیادی چیلنج رہا ہے کہ جدید مالیاتی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ایسا متبادل نظام تشکیل دیا جائے جو نہ صرف سود سے پاک ہو بلکہ مقاصدِ شریعت، خصوصاً عدل، مساوات اور معاشرتی فلاح کو بھی یقینی بنائےاسی ضرورت کے پیش نظر اسلامی بینکاری کا تصور وجود میں آیا، جو روایتی سودی بینکاری کے مقابلے میں تجارت، مشارکت اور حقیقی اثاثوں پر مبنی مالیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے اسلامی بینکاری کی نظریاتی بنیاد فقہ المعاملات کے ان مسلمہ اصولوں پر قائم ہے جن میں ملکیتِ حقیقی، خطرے کی شرکت (Risk Sharing)، اور حقیقی تجارتی سرگرمیوں کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اس نظام میں مرابحہ، مشارکہ، مضاربہ، اور اجارہ جیسے عقود کو بطور متبادل استعمال کیا جاتا ہے، جنہیں اسلامی فقہ میں جائز اور مشروع قرار دیا گیا ہےتاہم، اسلامی بینکاری کے عملی نفاذ اور اس کی شرعی حیثیت کے حوالے سے معاصر علماء اور مفکرین کے درمیان مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ بعض علماء اسے سودی نظام سے نجات کی جانب ایک مثبت، جائز اور ضروری پیش رفت قرار دیتے ہیں، جبکہ دیگر علماء اس کے عملی طریقۂ کار پر تنقید کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر اسلامی اصولوں کے مطابق نہیں سمجھتے اس معاصر علمی مباحثے میں محمد تقی عثمانی کا مؤقف اسلامی بینکاری کے جواز اور اس کی شرعی بنیادوں کے حق میں ایک نمایاں اور مؤثر نمائندگی کرتا ہے ان کے نزدیک اسلامی بینکاری کلاسیکی فقہی اصولوں پر مبنی ایک جائز اور قابلِ عمل نظام ہے جو موجودہ معاشی حالات میں سودی نظام کا ایک مؤثر اور شرعی متبادل فراہم کرتا ہے وہ اسے ایک تدریجی اصلاحی عمل قرار دیتے ہیں جس کا مقصد بالآخر ایک مکمل اسلامی معاشی نظام کا قیام ہے اس کے برعکس عبدالسلام بھٹوی اسلامی بینکاری کے موجودہ عملی ڈھانچے پر تنقیدی نقطۂ نظر رکھتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بعض معاملات میں اسلامی بینکاری کی عملی صورت سودی نظام سے مکمل طور پر مختلف نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے اس کی شرعی حیثیت مزید تحقیق اور احتیاط کی متقاضی ہے
یہ اختلافِ رائے دراصل اسلامی بینکاری کی اصولی بنیادوں کے انکار پر مبنی نہیں، بلکہ اس کے عملی اطلاق، طریقۂ کار، اور مقاصدِ شریعت کے حصول کی حد تک ہے یہی وجہ ہے کہ اس موضوع کا تقابلی اور تحقیقی جائزہ نہایت اہمیت کا حامل ہے تاکہ اسلامی بینکاری کی حقیقی نوعیت، اس کی شرعی بنیاد، اور اس کے عملی اثرات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے زیرِ نظر تحقیق اسی مقصد کے تحت مولانا محمد تقی عثمانی اور حافظ عبدالسلام بھٹوی کی آراء کا تقابلی تجزیہ پیش کرتی ہے، تاکہ اسلامی بینکاری کے حوالے سے معاصر علمی مباحثے کی نوعیت، حدود، اور مستقبل کے امکانات کو واضح کیا جا سکےیہ مطالعہ نہ صرف اسلامی مالیاتی نظام کی علمی تفہیم میں اضافہ کرتا ہے بلکہ اسلامی بینکاری کے عملی ارتقاء اور اصلاح کے لیے بھی ایک متوازن اور تحقیقی بنیاد فراہم کرتا ہے
مولانا تقی عثمانی کا نظری فریم
مولانا محمد تقی عثمانی کے نزدیک اسلامی بینکاری عصرِ حاضر کے سودی مالیاتی ڈھانچے کے اندر شرعی اصولوں کے مطابق ایک عملی اور تدریجی متبادل فراہم کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے۔ وہ اپنی متعدد تصانیف میں واضح کرتے ہیں کہ بینک اگر اپنے تعلق کو محض قرض اور سود کے بجائے بیع، اجارہ، مشارکہ، مضاربت اور حقیقی سرمایہ کاری کے عقود کے ساتھ جوڑ لے تو اس کے لیے نفع حاصل کرنا شرعاً جائز ہو سکتا ہے، بشرطیکہ حقیقی ملکیت، ضمان اور رِسک شیئرنگ جیسے اصولوں کا اہتمام کیا جائےتقی عثمانی اسلامی مالیات کے امتیازی پہلو کو “Asset-Based Finance” کی اصطلاح سے تعبیر کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک روایتی سودی نظام میں پیسہ بذاتِ خود ایک تجارتی جنس بن جاتا ہے جو مزید پیسہ پیدا کرتا ہے، جب کہ شریعت کا تقاضا یہ ہے کہ نفع کسی حقیقی مال، خدمت یا معاشی سرگرمی سے منسلک ہو۔ اسی بنا پر وہ مرابحہ، اجارہ، سلم، استصناع، مشارکہ اور مضاربت جیسے عقود کو جدید بینکاری میں اس شرط کے ساتھ قبول کرتے ہیں کہ ان کی اصل روح — یعنی حقیقی تملیک، قبضہ اور ضمان برقرار رکھی جائے، محض کاغذی یا صوری نہ رہے
مولانا تقی عثمانی کا ایک اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ موجودہ عالمی مالیاتی نظام کو یک لخت بدل دینا نہ عقلاً ممکن ہے نہ عملاً، اس لیے شریعت کی روشنی میں “تدریجی اصلاح” کو اختیار کرنا ایک حکیمانہ راستہ ہے۔ وہ فقہی قاعدہ “ما لا یدرک کلہ لا یترک کلہ” اس سیاق میں ذکر کرتے ہیں کہ جب پورا اسلامی معاشی نظام اس وقت قابلِ حصول نہیں، تو کم از کم مالیاتی شعبے میں سود سے حتی المقدور اجتناب اور اس کے متبادل عقود کا نفاذ بھی ایک معقول قدم ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسی تناظر میں وہ اسلامی بینکاری کے اندر موجود عملی نقائص کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اصلاح طلب سمجھتے ہیں، نہ کہ اس بنیاد پر پورے تصور کو باطل قرار دیتے ہیں[ عثمانی، محمد تقی، غیر سودی بینکاری، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2009ء، ص …91]
عبدالسلام بھٹوی کا برصغیری تناظر میں ناقدانہ موقف
برصغیر کے علمی ماحول میں مروّجہ اسلامی بینکاری پر جو تنقید سامنے آئی ہے، اس کی نمایاں مثال رفیق احمد اور حافظ عبدالسلام بھٹوی کی تحریریں ہیں۔ رفیق احمد نے ماہنامہ “محدث” لاہور میں “مروّجہ اسلامی بینکاری اور جمہور علماء کا موقف” کے عنوان سے شائع ہونے والے مضمون میں مفصل طور پر یہ مؤقف اختیار کیا کہ پاکستانی سیاق میں کام کرنے والے اسلامی بینکوں کے بہت سے پروڈکٹس حقیقت کے اعتبار سے روایتی سودی بینکاری کے قریب تر ہیں، اگرچہ ان پر “اسلامی” کا لیبل لگا دیا گیا ہے۔ وہ مثالوں کے ساتھ یہ دکھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ مرابحہ فنانسنگ میں بینک عموماً مال کے حقیقی مالک اور ضامنِ رسک کے طور پر سامنے نہیں آتا،شرحِ منافع کا تعین روایتی سودی Benchmarks (KIBOR وغیرہ) کے ساتھ جڑا رہتا ہے،اور عوامی سطح پر اکثر معاملات میں “قرض + اضافہ” کی صورت برقرار رہتی ہے، جسے نام کی حد تک مرابحہ یا اجارہ کہا جاتا ہےان کے نزدیک جمہور علماء کے شدید تحفظات کی بنیاد بھی یہی ہے کہ عملی حقیقت کو دیکھے بغیر صرف فقہی الفاظ کی بنیاد پر کسی نظام کو اسلامی قرار دے دینا تحقیق، امانتِ علمی اور دیانتِ شرعی کے منافی ہے[ احمد، رفیق، مروّجہ اسلامی بینکاری اور جمہور علماء کا موقف، ماہنامہ محدث، لاہور، اپریل 2009ء، ص77]حافظ عبدالسلام بھٹوی نے اپنی کتاب “حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں” میں معاملات، ربا اور جدید مالیاتی صورتوں پر اصولی گفتگو کی ہےاگرچہ وہ ہر جگہ براہِ راست مروّجہ اسلامی بینکاری کے اداروں پر نام لے کر بحث نہیں کرتے، لیکن ان کے اصولی اقتباسات سے یہ موقف واضح ہوتا ہے کہ اگر کسی نظام کی بنیاد قرض پر مشروط زیادتی اور نفع کی ضمانت ہو تو اس کی ظاہری شکل بدلنے سے حقیقت نہیں بدلتی؛
ربا سے بچنے کے نام پر ایسے حیلوں کا سہارا لینا جن میں اصل سودی منطق بدرجہا باقی رہے، شریعت کی روح کے خلاف ہے؛
اور بینک کی موجودہ ساخت، جو بنیادی طور پر قرضی ادارہ ہے، چند اسلامی اصطلاحات شامل کرنے سے “شراکتی ادارہ” نہیں بن جاتی، جب تک حقیقی مشارکت، حقیقی مضاربت اور حقیقی رسک شیئرنگ ادارہ جاتی سطح پر نافذ نہ ہو[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص79]
بھٹوی کا زاویہ یہاں اصولی نوعیت کا ہے: وہ ربا کی حرمت کو صرف فردی معاملات تک محدود نہیں سمجھتے بلکہ پورے معاشی نظام کے ڈھانچے پر منطبق کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک اگر ایک ریاست، معاشرہ یا مالیاتی نظام بنیادی طور پر سودی ہو، اور اسی کے اندر چند “اسلامی بینک” کھڑے کیے جائیں جو عملاً اسی سودی منطق کے ساتھ جڑے رہیں، تو یہ حقیقی خروج عن الربا نہیں بلکہ سودی نظام کے ساتھ جزوی مصالحت ہے۔ اسی لیے وہ مروّجہ اسلامی بینکاری کو اصلاح طلب جزوی قدم کے بجائے بعض صورتوں میں اصولاً مشتبہ یا سود کے قریب سمجھتے ہیں[ ایضاً ،ص123]
يَاأَيُّهَاالَّذِينَ آمَنُوالَاتَأْكُلُواالرِّبَاأَضْعَافًامُّضَاعَفَةً[ آلِ عمران: 130]اے ایمان والو! سود کو دوگنا اور کئی گنا بڑھا ہوا مت کھاؤ
مولانا تقی عثمانی واضح کرتے ہیں کہ بینک انٹرسٹ اگرچہ اپنی مقدار، قانونی شکل اور ادارہ جاتی ترتیب کے اعتبار سے زمانۂ جاہلیت کے ربا سے مختلف ہو سکتا ہے، لیکن اس کی حقیقت اور اثر یکساں ہے، یعنی قرض پر اضافہ،وقت کے عوض رقم کی قیمت لگانا،اور مقروض پر یک طرفہ بوجھ ڈالنااسی لیے وہ معاصر بینک سود کو ربا کے حکم میں داخل سمجھتے ہوئے اس سے مکمل اجتناب کو شرعی فریضہ قرار دیتے ہیں، اور اسلامی بینکاری کو اس سے نکلنے کا ادارہ جاتی متبادل بتاتے ہیں[ Usmani، Muhammad Taqi، An Introduction to Islamic Finance، Idaratul Ma’arif، Karachi، 1998,P144]حافظ عبدالسلام بھٹوی برصغیر کے سیاق میں حافظ عبدالسلام بھٹوی کا موقف بھی ربا کی تعبیر اور موجودہ بینکاری پر اس کے اطلاق کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ “حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں” میں واضح کرتے ہیں کہ جب کسی مالیاتی ڈھانچے کی بنیاد ہی قرض پر مشروط زیادتی اور نفع کی ضمانت پر ہو، تو محض نام بدلنے، دستاویزات کو پیچیدہ بنانے یا چند اضافی عقود شامل کر دینے سے اس کی حقیقت نہیں بدلتی؛ ربا پھر بھی ربا ہی رہتا ہے۔ اس کے نتیجے میں وہ مروّجہ اسلامی بینکاری کے اُن صیغوں پر سخت تحفظات ظاہر کرتے ہیں جن میں اصل حقیقت “قرض + اضافہ” ہی ہو، اگرچہ درمیان میں بیع یا اجارہ کا پردہ موجود ہو[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص48]
تقی عثمانی اور عبدالسلام بھٹوی کا مخصوص تقابلی مطالعہ
اس تحقیقی کام کا مرکزی فوکس دو اہم شخصیات ہیں:مولانا محمد تقی عثمانی، جو مروّجہ اسلامی بینکاری کے اصولی حامی اور اصلاحی ناقد ہیں،اور حافظ عبدالسلام بھٹوی، جو موجودہ اسلامی بینکاری کے اصولی ناقد اور متعدد صورتوں کے حوالے سے محتاط بلکہ معترض ہیں دونوں حضرات کا تعلق برصغیر کے علمی و دینی ماحول سے ہے، دونوں فقہ اور حدیث کے اہلِ علم ہیں، لیکن اسلامی بینکاری کے بارے میں دونوں کا زاویۂ نظر نمایاں طور پر مختلف ہے۔ اس سیکشن میں ان دونوں کے موقف کو چند بنیادی محاور پر آمنے سامنے رکھ کر تقابلی مطالعہ پیش کیا جاتا ہے[ عثمانی، محمد تقی، غیر سودی بینکاری، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2009ء، ص55]

علمی پس منظر اور نقطۂ آغاز میں بنیادی فرق
مولانا محمد تقی عثمانی کا علمی پس منظر فقہِ حنفی، افتاء، قضاء، اصولِ فقہ، اور معاصر مالیاتی معاملات کے عملی مشاہدے پر مشتمل ہے وہ پاکستان کے سپریم کورٹ شریعت اپیلٹ بنچ کے جج بھی رہے، اور عالمی سطح پر اسلامی بینکاری کے شریعت بورڈز میں دہائیوں سے کام کر رہے ہیں ان کی تحریروں سے واضح ہوتا ہے کہ وہ معاصر مالیاتی نظام کی ساخت، عالمی بینکاری کے تقاضوں اور جدید معاشی اداروں کی ناگزیر نوعیت کو قریب سے دیکھ چکے ہیں اسی لیے ان کا نقطۂ آغاز یہ ہے کہ موجودہ عالمی نظام کو نظر انداز کیے بغیر، شریعت کے اصولوں کے اندر رہتے ہوئے، زیادہ سے زیادہ اصلاح کی جائے، اور سودی ڈھانچے کو تدریجی طور پر اسلامی عقود کی طرف منتقل کیا جائے[ عثمانی، محمد تقی، اسلام اور جدید معیشت و تجارت، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2014ء، ص32]
اس کے برعکس حافظ عبدالسلام بھٹوی کا علمی پس منظر بنیادی طور پر حدیث، فقہ، اور نصوصِ شرعیہ کے براہِ راست مطالعے پر قائم ہے، اور ان کے ہاں “نظام” کے ساتھ براہِ راست عملی engagement (جیسے عدالت، بینکنگ ریگولیشن، شریعت بورڈز) نسبتاً کم، جبکہ نصوص کے ظاہری و اصولی تقاضوں پر سخت التزام نمایاں ہے“حلال و حرام کاروبار” میں ان کا انداز زیادہ “تحذیری” (warning) اور “تحریمی” (prohibitive) ہےوہ جدید مالیاتی صورتوں کے بارے میں عمومی اصول دیتے ہیں اور جہاں ربا، غرر یا حیلہ کی بو محسوس ہو، وہاں سخت احتیاط اور ترک کو راجح قرار دیتے ہیں چنانچہ ان کا نقطۂ آغاز یہ ہے کہ جب تک کسی معاہدے یا نظام کی “حقیقت” کامل طور پر شریعت کے مطابق ثابت نہ ہو جائے، اس کے ساتھ عملی انضمام (integration) خطرہ رکھتا ہے[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص …]یوں کہا جا سکتا ہے کہ تقی عثمانی کا نقطۂ آغاز “اصلاحِ نظام” ہےجب کہ عبدالسلام بھٹوی کا نقطۂ آغاز “حفاظتِ شریعت اور اجتنابِ مشتَبِہات” ہےدونوں زاویے اپنی جگہ فقہی و علمی جواز رکھتے ہیں، مگر عملی نتائج کے اعتبار سے اسلامی بینکاری پر ان کی رائے مختلف سمتوں میں چلی جاتی ہے
اسلامی بینکاری کا اصولی تصور: تدریجی اصلاح بمقابلہ نظامی انقطاع
مولانا تقی عثمانی اسلامی بینکاری کو موجودہ سودی نظام کے اندر تدریجی اصلاحی قدم (Reformist/Transformative Step) کے طور پر دیکھتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ جب پورا عالمی مالیاتی نظام سود پر کھڑا ہو، تو اس کے اندر ایسے اداروں کا قیام جو سودی قرض کے بجائے بیع، اجارہ، مشارکہ، مضاربت اور حقیقی سرمایہ کاری کے ذریعے تمویل فراہم کریں، خود ایک بڑی نعمت اور اہم پیش رفت ہے، اگرچہ اسے مزید اصلاح اور تکمیل کی ضرورت مسلم ہےان کی تحریروں میں “غیر سودی بینکاری” کو ایک شرعی طور پر جائز اور مطلوب آزمائشی ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ سود سے اجتناب ممکن ہوجدید بینکاری کے تقاضے پوری ہوں اور یہ تجربہ مستقبل میں زیادہ وسیع اسلامی معاشی نظم کی طرف پیش رفت کا ذریعہ بن سکے[ عثمانی، محمد تقی، غیر سودی بینکاری، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2009ء، ص 44]
اس کے مقابل حافظ عبدالسلام بھٹوی اسلامی بینکاری کے موجودہ تجربے کو اصولی سطح پر مشتبہ سمجھتے ہیں ان کے نزدیک اگر اصل مالیاتی ڈھانچہ بدستور قرض، متعین منافع اور راس المال کی ضمانت پر قائم ہے تو اس میں چند اسلامی عقود کا اضافہ، یا فقہی صیغوں کی مدد سے نئی ساخت بندی، “اسلامی معاشی نظام” نہیں کہلا سکتی ان کی اصولی بحث کا خلاصہ یہ ہے کہ ربا سے حقیقی اجتناب صرف اسی وقت ممکن ہے جب پورے نظام کی بنیاد ہر سطح پر سودی منطق سے منقطع ہوجزوی اصلاح یا “سودی نظام کے اندر اسلامی جزیات” بعض صورتوں میں عوام کے لیے التباس (confusion) پیدا کرتی ہیں، کیونکہ وہ ظاہری لیبل دیکھ کر مطمئن ہو جاتے ہیں، جبکہ حقیقتاً ربا کی منطق برقرار رہتی ہے[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص 88]یوں تقابلی طور پر دیکھا جائے تو:تقی عثمانی “اسلامی بینکاری” کو مسلسل اصلاح و تکمیل کے قابل عبوری مرحلہ سمجھتے ہیں جب کہ عبدالسلام بھٹوی اس کی موجودہ صورت کو اصولی طور پر ناخوش گوار اور بعض پہلوؤں سے ربا کے قریب سمجھتے ہوئے، اسے نظامی انقطاع کے بغیر حقیقی حل نہیں مانتے
ربا، حیلہ اور فقہی تطبیق: دو مختلف حساسیتیں
ربا، حیلۂ شرعی اور فقہی تطبیق کے باب میں دونوں اہلِ علم کے ہاں حساسیت کی سطح مختلف ہےمولانا تقی عثمانی ربا کی حرمت کو قطعی اور غیر محتمل التأویل سمجھتے ہیں، لیکن ساتھ ہی وہ فقہائے امت کے اس منہج کو اختیار کرتے ہیں کہ جہاں مصالحِ عباد اور ضرورتِ عامہ موجود ہو وہاں نصوص کی روشنی میں فقہی تطبیق اور اجتہاد کے دروازے کو بند نہ کیا جائے۔ اسی تناظر میں وہ مرابحہ، اجارہ، سلم، استصناع وغیرہ کی جدید بینکاری تطبیقات کو اصولاً جائز قرار دیتے ہیں، بشرطیکہ حقیقی تملیک و ذمہ داری واقع ہو بینک کسی مرحلے میں مال کا مالک اور ضامن بنےاور عقد کے شرائط و ارکان کلاسیکی فقہ کے مطابق ادا کیے جائیں وہ بارہا واضح کرتے ہیں کہ اگر مرابحہ یا تَورُّق جیسے صیغوں میں صرف کاغذی ملکیت، محض Documentation اور سودی منطق برقرار رہے تو یہ شرعاً صحیح نہیں؛ مگر وہ اس خرابی کو “اسلامی بینکاری کے تصور” کی نفی کی بجائے “اس کے موجودہ اطلاق کی کمزوری” شمار کرتے ہیں، جسے اصلاح اور نگرانی کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے[ عثمانی، محمد تقی، غیر سودی بینکاری، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2009ء، ص 102]
حافظ عبدالسلام بھٹوی حیلۂ شرعی کے باب میں زیادہ سخت اور محتاط ہیں ان کے نزدیک اگر کوئی مالیاتی صورت اس انداز سے ترتیب دی جائے کہ نتیجہ “قرض + اضافہ” ہو، اور درمیان میں بیع و شراء یا اجارہ کا عمل محض پردہ ہو، تو یہ ربا سے فرار نہیں بلکہ ربا کی نئی صورت ہے وہ اصولی طور پر ایسے مالیاتی انجینئرڈ پروڈکٹس پر تحفظات ظاہر کرتے ہیں جن میں بیع محض کاغذی یا وقتی ہو،ملکیت کا حقیقی اثر و رسک بینک پر منتقل نہ ہو،اور کلائنٹ عملاً قرض خواہ ہی رہے، جسے قسطوں کی صورت میں متعین زیادتی ادا کرنا ہوایسی صورتوں کو وہ ربا کی روح کے منافی اور حیلۂ شرعی کے قبیل سے سمجھتے ہیں، اگرچہ بعض فقہی آراء کی رو سے صورتِ عقد بظاہر درست ہواس لیے وہ مروّجہ اسلامی بینکاری کے ایسے صیغوں پر اصولی اعتراض کرتے ہیں، اور ان کے حق میں “اصلاح” کے بجائے “اجتناب” کو ترجیح دیتے ہیں[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص 103]یوں کہا جا سکتا ہے کہ تقی عثمانی فقہی تطبیق + عملی اصلاح کے امتزاج کو اختیار کرتے ہیں،جبکہ عبدالسلام بھٹوی سخت احتیاط + حیلہ سے شدید اجتناب کے منہج پر ہیں، جس کا لازمی نتیجہ مروّجہ اسلامی بینکاری پر سخت تشکیک کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے
بینک کی عملی حقیقت اور نظامی سطح پر دونوں کا زاویۂ نظر
بینک کی حقیقت (Ontology of the Bank) کے باب میں بھی دونوں کے زاویوں میں نمایاں فرق ہےتقی عثمانی اصولاً اس بات پر متفق ہیں کہ بینک کی موجودہ روایتی ساخت Debt-Based ہے، لیکن وہ اسلامی بینکوں میں اس ساخت کو تبدیل کرنے کے لیے فقہی و ادارہ جاتی کوشش کو مثبت سمت میں اٹھایا گیا قدم سمجھتے ہیں ان کا ہدف یہ ہے کہ بینک مضارب/شریک کے طور پر کام کرےعوام کے ذخائر کو مشارکہ و مضاربت کے ذریعے حقیقی تجارت میں لگایا جائےاور مرابحہ و اجارہ جیسے صیغے ضرورت و مصلحت کے ساتھ، مگر اصل PLS فریم ورک کے زیرِ سایہ، استعمال کیے جائیں وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ آج کے اسلامی بینک مکمل طور پر اس آئیڈیل پر پورا نہیں اترتے، لیکن انہیں “قابلِ اصلاح تجربہ” قرار دیتے ہیں، جو اگر صحیح سمت میں بڑھتا رہے تو بتدریج نظامی سطح پر سودی بینکاری کی جگہ لے سکتا ہے[ Usmani، Muhammad Taqi، An Introduction to Islamic Finance، Idaratul Ma’arif، Karachi،1998,P198]
اس کے برعکس عبدالسلام بھٹوی کی نظر میں بینک کا موجودہ ادارہ، خواہ اسلامی ہو یا روایتی، بنیادی طور پر قرض دہندہ اور قرض خواہ کے رشتے پر قائم ہے، جس میں راس المال کی ضمانت،متعین اضافہ،اور کمزور فریق پر بوجھ کی منتقلی،سودی منطق کو برقرار رکھتی ہے اس لئے وہ اسلامی بینکوں کی عملی ساخت کو اصولی سطح پر “قرضی ادارہ” ہی سمجھتے ہیں، جس کے لیے صرف فقہی عقود اور “اسلامی” شریعت سرٹیفکیٹس کافی تبدیلی نہیں لاتےان کے نزدیک جب تک بینک کی Core Function اور Balance Sheet کی حقیقت تبدیل نہ ہو یعنی وہ حقیقی شریکِ رِسک، ضامنِ ملکیت اور متحملِ خسارہ نہ بنے اس وقت تک اسے “شرعی متبادل” کہنا محلِ نظر ہے۔ نتیجتاً وہ موجودہ اسلامی بینکاری کو “اصلاح کے قابل نظام” نہیں بلکہ “اصولی سطح پر محلِ تحقیق و احتیاط” سمجھتے ہیں[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص 44]

اشتراکات و اختلافات کا خلاصہ تجزیہ
ان دونوں اہلِ علم کے تقابلی مطالعے سے چند اہم نکات سامنے آتے ہیں
اولاً: مشترک اصول دونوں ربا کی حرمت کو قطعی مانتے ہیں؛دونوں سودی بینکاری کو شرعاً ناجائز سمجھتے ہیں؛دونوں شراکت، مضاربت اور حقیقی تجارت کو شرعی اعتبار سے افضل اور مطلوب مانتے ہیں؛دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ مالیاتی نظام میں استحصال، غرر اور ظلم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے[ عثمانی، محمد تقی، اسلام اور جدید معیشت و تجارت، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2014ء، ص 89]
ثانیاً: اختلاف کی نوعیت
۱۔ منہج میں اختلاف
تقی عثمانی: تدریجی اصلاح، نظام کے اندر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اسلامی تطبیق، اور موجودہ اسلامی بینکاری کو “غنیمت + اصلاح طلب” تجربہ سمجھنا
عبدالسلام بھٹوی: نظامی انقطاع، مشتَبِہ صورتوں سے شدید اجتناب، اور موجودہ اسلامی بینکاری کو اصولاً مشتبہ یا سود کے قریب تصور کرنا
۲۔ حیلہ و فقہی تطبیق کی حساسیت
تقی عثمانی: فقہی تطبیق کو درست اصولوں کے ساتھ جائز اور حتی کہ لازم سمجھتے ہیں، بشرطیکہ ربا کی حقیقت سے بچاؤ ہو اور عقود واقعی شرائط کے ساتھ منعقد ہوں؛ غلط اطلاق کو “نظام کی خرابی” نہیں بلکہ “عملی بے احتیاطی” سمجھتے ہیں
عبدالسلام بھٹوی: جہاں بھی “قرض + اضافہ” کی حقیقت نظر آئے، وہاں حیلہ کا خطرہ محسوس کرتے ہیں، اور ایسی صورتوں کے حق میں اجتہادی توسع کے قائل نہیں
اسلامی بینکاری کی موجودہ صورت پر حتمی موقف
تقی عثمانی: اصولاً جائز، شرعی امکان اور ضرورت کے تحت قائم، عملی نقائص کے باوجود قابلِ اصلاح متبادل
عبدالسلام بھٹوی: اصولاً محلِ نظر، ربا کی معاشی منطق سے پوری طرح منقطع نہیں، اس لیے احتیاطاً اس کی عمومی توثیق مناسب نہیں
اس تقابل سے واضح ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان اختلاف ربا کی اصل حرمت میں نہیں، بلکہ اس بات میں ہے کہ موجودہ عالمی مالیاتی نظام کے اندر اسلامی بینکاری کو کس حد تک قبول، کس درجے تک مشتبہ، اور کن شرائط کے ساتھ قابلِ اصلاح سمجھا جائےتحقیقی سطح پر یہ تقابلی مطالعہ اس نتیجے کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اسلامی بینکاری کے مستقبل کے لیے دونوں زاویوں سے استفادہ ضروری ہےتقی عثمانی کا اصلاحی و ادارہ جاتی تجربہ عملی میدان میں رہنمائی دیتا ہے،جبکہ عبدالسلام بھٹوی کی اصولی سختی اور حیلہ سے اجتناب نظری اور اخلاقی سرحدوں کو واضح رکھتی ہےاس طرح یہ سیکشن نہ صرف دونوں شخصیات کے مابین اختلاف کی نوعیت کو واضح کرتا ہے بلکہ اگلے مرحلے میں اس سوال کو بھی ابھارتا ہے کہ اسلامی بینکاری کو مستقبل میں کس طرح ایسی سمت دی جا سکتی ہے جس میں فقہی تطبیق کی گنجائش بھی باقی رہے،اوررباکی روح سے حقیقی خروج بھی یقینی ہو،تاکہ نظری سطح پر موافقین اور مخالفین کے درمیان موجود بظاہر خلیج کسی حد تک علمی مکالمے اور عملی اصلاح کے ذریعے کم کی جا سکے
اصولی اشتراکات: ربا کی حرمت اور شریعت کے بنیادی مقاصد پر اتفاق
سب سے پہلے درجۂ اصول میں یہ بات نمایاں ہوتی ہے کہ موافق اور مخالف دونوں رجحانات کے نمایاں اہلِ علم مثلاً مولانا محمد تقی عثمانی، ڈاکٹر محمد نجتۃ اللہ صدیقی، ڈاکٹر محمد عمر چپرا، محمود الگران، عبداللہ سعید، فیصل خان، رفیق احمد اور حافظ عبدالسلام بھٹوی ربا کی قطعی حرمت، سودی بینکاری کی شرعی حرمت، اور شریعت کے بنیادی مقاصد (عدلِ اجتماعی، استحصال سے اجتناب، دولت کے ارتکاز میں کمی) پر متفق ہیں اختلاف اس بنیادی حرمت سے نہیں، بلکہ اس بات سے جنم لیتا ہے کہ ربا کی یہ حرمت معاصر مالیاتی نظام اور اسلامی بینکاری کے موجودہ تجربے پر کس درجے اور کس انداز سے منطبق کی جائے[ El-Gamal، Mahmoud A.، Islamic Finance: Law, Economics, and Practice، Cambridge University Press، Cambridge، 2006,P 125]یہ اشتراک اس بات کی علامت ہے کہ بحث کا مرکز “حلال و حرام” کے بنیادی تصور سے زیادہ اس کی معاصر تعبیر اور اطلاق ہے، اور یہ کہ دونوں رجحانات اپنے اپنے استدلال میں قرآن و سنت اور فقہِ اسلامی ہی کو بنیاد بنا رہے ہیں، اگرچہ نتائج مختلف اخذ کرتے ہیں
اختلافات کی نوعیت: اصولی تعبیر یا عملی اطلاق؟
۱۔اطلاقی/عملی سطح (Applied Level)
مولانا تقی عثمانی، صدیقی، ایوب اور چپرا کے نزدیک اسلامی بینکاری موجودہ عالمی مالیاتی نظام کے اندر تدریجی اصلاح کی ایک سنجیدہ اور ضروری کوشش ہے وہ مرابحہ، اجارہ، سلم، استصناع، مشارکہ اور مضاربت جیسے عقود کی جدید تطبیق کو اصولاً جائز اور شریعت کے مزاج سے ہم آہنگ سمجھتے ہیں، بشرطیکہ ان میں حقیقی تملیک، رِسک شیئرنگ اور شفافیت کا اہتمام کیا جائے، اور جہاں عملی بگاڑ ہو وہاں اصلاح کی جائے، نہ کہ پورے تجربے کو باطل قرار دیا جائے[ عثمانی، محمد تقی، غیر سودی بینکاری، مکتبہ معارف القرآن، کراچی، 2009ء، ص 69]اس کے مقابل محمود الگران، عبداللہ سعید اور فیصل خان یہ استدلال پیش کرتے ہیں کہ موجودہ اسلامی بینکاری کی عملی ساخت خصوصاً مرابحہ، منظم تَورُّق اور Debt-Like فنانسنگ کے غلبے کی صورت میں سودی بینکاری کی Functional Reproduction ہے، اور اس میں ربا کی معاشی منطق بڑی حد تک برقرار رہتی ہے؛ اس لیے ان کے نزدیک مسئلہ محض “عملی کمزوری” نہیں بلکہ ماڈل کی ساختی خامی (structural flaw) ہے[ El-Gamal، Mahmoud A.، Islamic Finance: Law, Economics, and Practice، Cambridge University Press، Cambridge، 2006,P133]
۲۔ اصولی/منہجی سطح (Normative/Methodological Level)
برصغیری تناظر میں حافظ عبدالسلام بھٹوی اور رفیق احمد کی تحریروں میں اختلاف زیادہ اصولی اور منہجی نوعیت اختیار کر لیتا ہے ان کے نزدیک ایسے معاہدات جن کی حقیقت “قرض + اضافہ” ہو، اور جن میں بیع و شراء یا اجارہ کا عمل محض حیلہ کے طور پر استعمال ہو رہا ہو، شرعاً محلِ نظر ہیں، خواہ فقہی زبان میں انہیں درست قرار دینے کی گنجائش نکلتی ہویہاں اختلاف اس بات پر ہے کہ آیا اسلامی بینکاری کو “اصلاح طلب نظام” سمجھ کر قبول کیا جائے،
یا اسے اصولاً مشتبہ اور عوامی سطح پر التباس کا سبب سمجھتے ہوئے عمومی توثیق سے احتراز کیا جائے[ احمد، رفیق، مروّجہ اسلامی بینکاری اور جمہور علماء کا موقف، ماہنامہ محدث، لاہور، اپریل 2009ء، ص 65]اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اختلاف صرف “Implementation” تک محدود نہیں، بلکہ بعض ناقدین کے نزدیک نظری ماڈل ہی میں بنیادی نوعیت کا اشکال موجود ہے، جسے اصلاح کے بجائے تجدیدِ نظر کی ضرورت ہے

مستقبل کی بحث اور ریسرچ کے لیے ابھرتے ہوئے بنیادی سوالات
تقابلی نتائج کے پیشِ نظر اسلامی بینکاری کے بارے میں آئندہ علمی و عملی کام کے لیے چند بنیادی سوالات ابھر کر سامنے آتے ہیں
۱۔ PLS ماڈلزکاحقیقی نفاذ
ڈاکٹر صدیقی، ایوب اور چپرا نے جس PLS-Based System کو اسلامی بینکاری کا اصل امتیاز قرار دیا، وہ Practical Level پر کیوں غالب نہ آ سکا؟ کیا ریگولیٹری ساخت، مارکیٹ رِسک، اسٹیٹ بینک / سنٹرل بینک کی پالیسی یا بینکاروں کا خود رویہ اس میں مانع رہا؟ اس سوال کا جواب Empirical اور Policy Level کے تفصیلی جائزے کا تقاضا کرتا ہے[ Siddiqi، Muhammad Nejatullah، Banking Without Interest، The Islamic Foundation، Leicester، 1983,P. 166]
۲۔ مرابحہ، تَورُّق اور بیعِ عینہ کی حدود و قیود
محمود الگران، عبداللہ سعید، فیصل خان اور عبدالسلام بھٹوی کی تنقیدوں نے یہ سوال بہت نمایاں کر دیا ہے کہ مرابحہ و تَورُّق جیسے صیغوں کے لیے فقہی اور ریگولیٹری سطح پر ایسی واضح حدود کیسے متعین کی جائیں کہ وہ ربا کی معاشی منطق کے Functional Equivalent نہ بن جائیں، بلکہ واقعی اثاثہ پر مبنی تجارت کے طور پر رہیں؟[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص48]

۳۔ شریعت بورڈز کا فریم ورک اور Conflict of Interest
ناقدانہ لٹریچر میں اٹھایا جانے والا یہ سوال بھی اہم ہے کہ شریعت بورڈز کی تشکیل، ان کی اجرت، ان کے مینڈیٹ اور ان کی آزادی کو کس طرح منظم کیا جائے تاکہ وہ محض “Legitimizing Agency” نہ رہیں بلکہ واقعی مؤثر شرعی نگران (Effective Supervisors) کے طور پر کام کریں؟ اس کے لیے ممکنہ ماڈلز، گورننس سٹرکچر اور اَکاؤنٹیبلٹی کے نظام پر بھی تحقیقی کام کی ضرورت ہے[ Saeed، Abdullah، Islamic Banking and Interest، Brill، Leiden، 1996,P78]
۴۔ مقاصدِ شریعت اور سماجی نتائج
ڈاکٹر چپرا اور دیگر موافق مفکرین نے جس “Just Monetary System” اور عدلِ اجتماعی کی بات کی، اور جس پر ناقدین نے عملی میدان میں سوالات اٹھائے، اس سے یہ بنیادی سوال سامنے آتا ہے کہ اسلامی بینکاری کو سوشل فنانس، غربت کے خاتمے، اور مالی شمولیت (Financial Inclusion) کے ساتھ کتنا حقیقی طور پر جوڑا جا سکتا ہے؟ کیا اس کے لیے مائیکرو فنانس، زکوٰۃ و وقف کے اداروں، اور PLS-Based SME Financing کے نئے ماڈلز درکار نہیں؟[ Chapra، M. Umer، Towards a Just Monetary System، The Islamic Foundation، Leicester، 1985,P221]
۵۔ تدریجی اصلاح اور نظامی انقطاع کے درمیان قابلِ عمل درمیانی راستہ
تقی عثمانی کے “اصلاحی/تدریجی” زاویے اور عبدالسلام بھٹوی کے “اصولی/انقطاعی” زاویے کے درمیان کیا کوئی ایسا درمیانی ماڈل تشکیل پا سکتا ہے جس میں:ایک طرف موجودہ اسلامی بینکاری کے تجربے کی جزوی کامیابیوں سے فائدہ اٹھایا جائے،اور دوسری طرف ناقدین کی جانب سے ربا، حیلہ اور نظامی سطح کے اعتراضات کو سنجیدگی سے شاملِ بحث کرتے ہوئے نئے، زیادہ شفاف اور PLS-Based ادارہ جاتی ڈھانچے تشکیل دیے جائیں؟[ بھٹوی، عبدالسلام بن محمد، حلال و حرام کاروبار شریعت کی روشنی میں، دارالاندلس، لاہور، 2016ء، ص 88]
ان سوالات سے واضح ہوتا ہے کہ اسلامی بینکاری کے بارے میں موافق و مخالف تقابلی مباحث کسی حتمی “بند باب” کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسے جاری علمی مکالمے کا حصہ ہیں جس میں فقہ المعاملات، جدید معاشیات، مالیاتی پالیسی اور اخلاقی فلسفہ سب شریک ہیں اس فصل کے تقابلی نتائج اسی مکالمے کو زیادہ منظم اور واضح بنیاد فراہم کرتے ہیں، اور اشارہ دیتے ہیں کہ اسلامی بینکاری کو مستقبل میں صرف دفاعی نہیں، بلکہ تنقیدی و تطویری (critical & developmental) انداز سے دیکھنے کی ضرورت ہے، تاکہ ربا کی قطعی حرمت اور مقاصدِ شریعت دونوں، معاصر مالیاتی عمل میں زیادہ مکمل اور مؤثر طور پر منعکس ہو سکیں

اسلامی بینکاری کے موافق و مخالف رجحانات
اس جدول میں ایک طرف اسلامی بینکاری کے موافق مفکرین جیسے مولانا محمد تقی عثمانی، محمد نجتۃ اللہ صدیقی، محمد ایوب اور محمد عمر چپرا کے رجحان کو، اور دوسری طرف ناقد اہلِ علم جیسے محمود الگران، عبداللہ سعید، فیصل خان، رفیق احمد اور حافظ عبدالسلام بھٹوی کے زاویۂ نظر کو آمنے سامنے رکھا گیا ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ موافقین اسلامی بینکاری کو موجودہ سودی نظام کے اندر شرعی اصولوں پر مبنی ایک تدریجی اصلاحی متبادل سمجھتے ہیں، جس کا مقصد قرض پر مشروط زیادتی (ربا) کے بجائے بیع، اجارہ، مشارکہ، مضاربت اور اثاثہ پر مبنی فنانسنگ کو رواج دینا ہے۔ ان کے نزدیک مرابحہ، اجارہ وغیرہ اگر حقیقی تملیک، رسک شیئرنگ اور شفافیت کے ساتھ نافذ ہوں تو وہ سودی قرض کے بجائے شرعی تجارت کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں، اگرچہ موجودہ عملی صورت میں PLS موڈز کے کم استعمال اور مرابحہ/تَورُّق کے غلبے جیسے نقائص ضرور ہیں، مگر یہ نقائص اصلاح طلب عملی کمزوریاں ہیں، ماڈل کی اصولی نفی نہیں
اس کے مقابل جدول میں جو ناقد رجحان پیش ہوا ہے، وہ محمود الگران، عبداللہ سعید اور فیصل خان کے معاشی و ساختی تجزیے اور رفیق احمد و عبدالسلام بھٹوی کے فقہی و اصولی اعتراضات پر مشتمل ہے۔ ان کے نزدیک مروّجہ اسلامی بینکاری اپنی موجودہ شکل میں زیادہ تر Debt-Based اور Functional طور پر سودی نظام کے قریب ہے؛ مرابحہ، منظم تَورُّق، اجارہ وغیرہ کے بہت سے اطلاقات میں حقیقت “قرض + اضافہ” ہی رہتی ہے، جس میں متعین منافع، راس المال کی ضمانت اور سودی Benchmarks برقرار رہتے ہیں۔ لہٰذا وہ اسلامی بینکاری کو جزوی اصلاحی قدم کے بجائے ساختی طور پر مشتبہ پروجیکٹ سمجھتے ہیں، جس پر نئے سرے سے غور، PLS موڈز کی حقیقی غلبہ اور حیلہ آمیز صورتوں کی واضح تحدید ضروری ہے۔ یوں جدول الف یہ واضح کرتا ہے کہ موافق اور مخالف دونوں رجحانات ربا کی حرمت پر متفق ہونے کے باوجود، اسلامی بینکاری کی حقیقی حیثیت اور اصلاح یا تجدید کے دائرے میں بنیادی طور پر مختلف زاویۂ نظر رکھتے ہیں

مولانا محمد تقی عثمانی اور حافظ عبدالسلام بھٹوی خصوصی تقابلی جدول
محورِ تقابل مولانا محمد تقی عثمانی حافظ عبدالسلام بھٹوی
نقطۂ آغاز / منہج فقہِ حنفی، افتاء و قضاء، معاصر مالیاتی نظام کے ساتھ براہِ راست ادارہ جاتی تعامل؛ موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے شرعی اصولوں کے مطابق زیادہ سے زیادہ اصلاح کا منہج حدیث و فقہ کا روایتی و نصوصی منہج، احتیاط، اجتنابِ مشتَبِہات اور ربا سے سخت تحذیر پر زور؛ جب تک حقیقت سو فیصد واضح نہ ہو، نئے مالیاتی ڈھانچوں کے ساتھ انضمام پر شدید احتیاط
اسلامی بینکاری کا اصولی تصور موجودہ عالمی سودی نظام کے اندر ایک شرعی، تدریجی اور قابلِ عمل متبادل؛ “غیر سودی بینکاری” کو غنیمت اور اصلاح طلب تجربہ سمجھتے ہیں، جو مستقبل میں زیادہ مکمل اسلامی معاشی نظم کی طرف مرحلہ بن سکتا ہے مروّجہ اسلامی بینکاری کو اصولاً محلِ نظر سمجھتے ہیں؛ چونکہ غالب عملی صورتوں میں حقیقت “قرض + اضافہ” ہے، اس لیے اسے سودی نظام سے حقیقی خروج نہیں بلکہ بعض صورتوں میں ربا کے قریب سمجھتے ہیں
ربا اور بینک انٹرسٹ بینک انٹرسٹ واضح طور پر ربا ہے؛ اسلامی بینکاری کا وجود اسی لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کاری کو قرض کے بجائے بیع، اجارہ اور شراکت پر منتقل کیا جائے؛ موجودہ نقائص کے باوجود ماڈل کی بنیاد درست ہے بینک انٹرسٹ ربا ہے، لیکن اگر “اسلامی بینکنگ” کے عنوان سے چلنے والے عقود میں بھی نتیجہ عملاً “قرض پر مشروط اضافہ” ہی ہو تو یہ بھی شرعاً محلِ اشکال ہے؛ نام کی تبدیلی ربا کو حلال نہیں کر سکتی
مرابحہ، اجارہ، تَورُّق وغیرہ اصولاً جائز عقود ہیں؛ بینکاری میں ان کی تطبیق درست ہے بشرطیکہ حقیقی تملیک، قبضہ، ضمان اور رسک بینک پر آئے؛ جہاں صوری تطبیق ہو وہ misimplementation ہے، خود اسلامی بینکاری کا تصور نہیں ٹوٹتا، بلکہ اصلاح کی ضرورت ہوتی ہے اگر مرابحہ و تَورُّق اس طرح استعمال ہوں کہ نتیجہ “قرض + اضافہ” ہو، بیچ کی بیع محض کاغذی ہو، تو یہ حیلۂ شرعی کے مشابہ اور ربا کے قریب ہے؛ ایسی صورتوں کے بارے میں صرف “اصلاح” نہیں، بلکہ اصولی احتیاط اور ترک کو ترجیح دیتے ہیں
نظام کے اندر/باہر کا زاویہ “System-inside reform”: موجودہ بینکاری فریم کے اندر شریعت کے اصول نافذ کر کے، بتدریج سودی معیشت کو اسلامی عقود کی طرف منتقل کرنا؛ “ما لا یدرک کلہ لا یترک کلہ” “System-level break”: جب تک مرکزی مالیاتی ڈھانچہ سودی رہے، اس کے اندر کھڑے کیے گئے “اسلامی بینک” عوام کے لیے التباس کا سبب بنتے ہیں؛ حقیقی اصلاح صرف نظامی انقطاع کے ساتھ ممکن ہے، جزوی اداراتی تجربے سے نہیں
حیلہ اور فقہی تطبیق کے بارے میں حساسیت فقہی تطبیق اور نئے معاہدات کی structuring کو مشروع اجتہاد سمجھتے ہیں، بشرطیکہ ربا کی حقیقت سے اجتناب ہو اور کلاسیکی اصول ملحوظ رہیں؛ غلط تطبیق کو فقہ کا نہیں، عاملین کا قصور شمار کرتے ہیں ایسے ماڈلز میں حیلہ اور صوریّت کے خدشے کو بہت شدید مانتے ہیں؛ جہاں بھی معاشی حقیقت “قرض + اضافہ” ہو، وہاں فقہی صیغہ درست ہو تب بھی اصولاً احتیاط کو ترجیح دیتے ہیں؛ حیلہ کے دروازے کو نظامی سطح پر بند دیکھنا چاہتے ہیں
بینک کی Ontology (قرضی ادارہ یا شریک) Ideal اسلامی بینک شریکِ رِسک، مضارب و شریک کی حیثیت رکھتا ہے؛ موجودہ اسلامی بینک اس Ideal سے پیچھے ضرور ہیں، مگر ان کی سمت درست کی جا سکتی ہے، اور تدریجی اصلاح سے وہ حقیقی شراکتی ماڈل کے قریب لائے جا سکتے ہیں موجودہ اسلامی بینک حقیقت میں قرضی ادارے ہیں؛ راس المال کی ضمانت، متعین نفع، Benchmarks اور Debt-Based فنانسنگ کے غلبے کی وجہ سے ان کی بنیاد سودی بینکاری سے بہت مختلف نہیں؛ اس لئے انہیں حقیقی شریک کہنا محلِ غور ہے
حتمی علمی رویہ / Overall Verdict “strongly reformist but supportive”: مروّجہ اسلامی بینکاری کو شرعاً جائز، مفید، مگر شدت سے اصلاح طلب تجربہ؛ اس کے دفاع کے ساتھ ساتھ اصلاح پر زور

    “strongly cautionary to critical”: مروّجہ اسلامی بینکاری کو اصولاً مشتبہ، بعض صورتوں میں ربا کے قریب، اور عوامی سطح پر التباس کا موجب؛ عمومی endorse کرنے کے بجائے احتیاط، تنقید اور متبادل فکر پر زور

جدول کا خلاصہ
(مولانا محمد تقی عثمانی اور حافظ عبدالسلام بھٹوی کا تقابلی جائزہ)
مندرجہ بالا جدول میں خصوصی طور پر مولانا محمد تقی عثمانی اور حافظ عبدالسلام بھٹوی کے مابین منہجی، اصولی اور عملی فرق کو سادہ تقابلی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔خلاصہ یہ ہے کہ مولانا تقی عثمانی کا منہج “نظام کے اندر رہتے ہوئے تدریجی اصلاح” پر مبنی ہے؛ وہ موجودہ عالمی مالیاتی ڈھانچے، بینکاری کے ناگزیر کردار اور عصری تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے غیر سودی بینکاری کو ایک شرعی، قابلِ عمل اور اصلاح طلب تجربہ قرار دیتے ہیں ان کے نزدیک اگر اسلامی بینک حقیقی معنوں میں بیع، اجارہ، مشارکہ، مضاربت اور اثاثہ پر مبنی فنانسنگ کو اپنائیں، اور جہاں غلط اطلاق ہو وہاں اصلاح کی جائے، تو مروّجہ اسلامی بینکاری آئندہ ایک زیادہ مکمل اسلامی معاشی نظم کی طرف بڑھنے کا مؤثر قدم بن سکتی ہے
اس کے برعکس حافظ عبدالسلام بھٹوی کا جھکاؤ “نظامی انقطاع، اجتنابِ مشتَبِہات اور حیلہ سے سخت پرہیز” کی طرف زیادہ ہے۔ ان کے نزدیک جب تک بینک کی حقیقت قرضی ادارہ رہتی ہے، جس میں راس المال کی ضمانت، متعین اضافہ، سودی Benchmarks اور “قرض + اضافہ” کی معاشی منطق برقرار ہو، اُس وقت تک محض مرابحہ، اجارہ یا تَورُّق کے الفاظ استعمال کرنے سے وہ نظام شرعاً مطمئن انداز میں “اسلامی” نہیں ہو جاتا۔ اس لیے وہ مروّجہ اسلامی بینکاری کے کئی پروڈکٹس کو اصولی طور پر محلِ نظر اور بعض صورتوں میں ربا کے قریب سمجھتے ہیں، اور عمومی endorsement کے بجائے احتیاط، سخت تنقید اور واضح شرعی سرحدوں پر زور دیتے ہیں
یوں جدول کا نچوڑ یہ ہے کہ دونوں اہلِ علم ربا کی حرمت، سودی نظام کی ناجائزیت اور شراکت پر مبنی معیشت کی فضیلت پر متفق ہونے کے باوجود، اسلامی بینکاری کے موجودہ تجربے کے بارے میں دو مختلف زاویے اختیار کرتے ہیں: تقی عثمانی کے نزدیک یہ ایک قابلِ اصلاح متبادل ہے، جب کہ عبدالسلام بھٹوی کے نزدیک موجودہ صورت میں یہ اصولی تشکیک اور شدید احتیاط کا مستحق ہے یہی تقابل اس آرٹیکل کے مرکزی مضمون “اسلامی بینکاری کی معاصر تعبیرات میں اصولی و عملی اختلاف کی نوعیت تقی عثمانی اور عبدالسلام بھٹوی ” کو نہایت واضح انداز میں اُجاگر کرتا ہے

Imam Abu Hanifah’s Contribution to Hadith Sciences: A Reassessment

Sulaiman Kaka KhelM.Phil Islamic Studies, University of MalakandEmail: [email protected] Shaukat ZamanM.Phil Islamic Studies, University of MalakandEmail: [email protected] Abstract:Islam has the distinguished property of producing prominent personalities who served the faith in their respective times. Among these figures, Imam Abu Hanifah

مصنف: سلیمان کاکا خیل
تاریخ: 15 مئی 2026
تنبیہ الغافلین (ازفقیہ ابواللیث سمرقندی رحمتہ اللہ علیہ) کا منہج

واہمیتِ موضوع (Introduction & Significance) علامہ ابواللیث نصر بن محمدبن ابراھیم بن الخطاب الفقیہ الحنفی السمرقندیؒ لقبامام الہدی ازبکستان شہر سمرقند میں پیدا ہوئے جسے عربی میں سمران کہا جاتا ہے، یہمشھور شہر ماورءالنھر کے نام سے معروف ہے،علماء بلخ

مصنف: محمد جمیل
تاریخ: 2 اپریل 2026
Belief in Life After Death (Ba‘th ba‘d al-Mawt) in the Light

of Surah al-Rum: Worldly Impacts Bi Bi Saima Aman ullah M.Phil. Scholar, Bahria University Karachi.Head Of Markaz Ul Amaan Al Islami, [email protected] Esarullah M.Phil. Scholar, Bahria University Karachi. HR [email protected] Belief in Life After Death (Ba‘th ba‘d al-Mawt) in the

مصنف: صائمہ امان اللہ
تاریخ: 1 اپریل 2026
خلع وتنسیخ نکاح سےمتعلق فیملی کورٹ کے فیصلے:اسلامی تعلیمات کی روشنی

میں تجزیاتی مطالعہ )اسلام آبادکااختصاصی مطالعہ: 2022تا 2024 ( تمہید:ایک وقت تھاکہ مسلمان اپنے طرز معاشرت اور نظام خاندان پر فخر کیا کرتے تھےمگر آج عمومی صورتحال اغیار سے بھی بدتر ہو گئی ہے۔ جہیز ہراسانی اور انسداد گھریلوتشدد قوانین

مصنف: ڈاکٹر محمد رحمان
تاریخ: 30 مارچ 2026
اسلامی اورجدیدمعاشی ماڈلز؛ایک تقابلی مطالعہ
اسلامی اورجدیدمعاشی ماڈلز؛ایک تقابلی مطالعہ

تمہیدانسانی تاریخ کا مطالعہ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ معیشت ہمیشہ سے انسانی معاشروں کی تشکیل، استحکام اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ معاشرتی نظام کی بقا اور ریاستی ڈھانچے کی مضبوطی کا انحصار ایک

مصنف: ڈاکٹر محمد رحمان
تاریخ: 28 مارچ 2026
اسلامی بینکاری کی معاصر تعبیرات کا تقابلی تجزیہ

محمد تقی عثمانی اور عبدالسلام بھٹوی کے نقطہ ہائے نظر کی روشنی میں تعارف (Introduction)اسلامی بینکاری عصر حاضر میں اسلامی مالیاتی نظام کی ایک اہم اور نمایاں پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس کا بنیادی مقصد سود

مصنف: حافظ عبد الحمید
تاریخ: 7 مارچ 2026