صورت سے سیرت تک

صورت سے سیرت تک شخصیت سازی، ذہن، کردار، جذبات اور تعلقات کی ایک فکری جہت انسان اپنی پوری زندگی میں سب سے زیادہ کس چیز کو سنوارتا ہے؟ اپنا چہرہ، لباس، گھر، دفتر، گاڑی، موبائل، اپنی تصویریں یا اپنی شہرت؟

مصنف:ابرار حسین
تاریخ: 14 ستمبر 2026

دیگر مضامین

تمام مضامین دیکھیں

گوشۂ سہولت سے ایک قدم باہر: رسول ﷺ کی سیرت سے مسلسل جدوجہد کا سبق

انسان کو آرام چاہیے، سکون چاہیے، اپنے لیے ایک ایسی جگہ چاہیے جہاں زندگی کی

تاریخ: 3 اکتوبر 2026
مصنف:ابرار حسین

فقہ النوازل میں فقہاء کا منہج

اسلامی شریعت اپنی ساخت اور مزاج کے اعتبار سے ایک جامع اور ہمہ گیر نظامِ

تاریخ: 1 اکتوبر 2026
مصنف:مولانا عزیر احمد

کتب حدیث میں ضعیف وموضوع روایات کے ذکر کےاسباب و مقاصد:اصولی و تحقیقی مطالعہ

تمہیدعلمِ حدیث اسلامی علوم کا وہ عظیم الشان شعبہ ہے جس کے ذریعے رسول اللہ

تاریخ: 1 اکتوبر 2026
مصنف:محمد ندیم محمد

مقدمہ صحیح مسلم اور علل الصغیر ترمذی کے مناہج جرح و تعدیل کا تقابلی مطالعہ

تمہیدتیسری صدی ہجری علمِ حدیث کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دور ہے،

تاریخ: 1 اکتوبر 2026
مصنف:محمد ذیشان

دیگر موضوعات

ابرار حسین

چیف ایڈیٹر کاروانِ علم، ٹرینر و محقق دینی و عصری علوم کے امتزاج کے حامل ایک وژنری ٹرینر اور ریسرچر ہیں۔ آپ جامعۃ الرشید کراچی کے فارغ التحصیل ہیں اور اس وقت مدرسہ ڈاٹ پی کے میں شعبۂ تربیت و شخصیت سازی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ آپ کا مقصد مدارس کے فضلائے کرام کو معیاری تدریسی، تکنیکی اور قائدانہ مہارتوں سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مؤثر سماجی و فکری رہنماؤں کے طور پر تیار کرنا ہے۔

صورت سے سیرت تک

شخصیت سازی، ذہن، کردار، جذبات اور تعلقات کی ایک فکری جہت

انسان اپنی پوری زندگی میں سب سے زیادہ کس چیز کو سنوارتا ہے؟ اپنا چہرہ، لباس، گھر، دفتر، گاڑی، موبائل، اپنی تصویریں یا اپنی شہرت؟ اور اگر اچانک اس سے یہ سوال کیا جائے کہ ان سب چیزوں کے علاوہ اس نے اپنے آپ کو کتنا سنوارا ہے؟ تو شاید جواب اتنا آسان نہ ہو۔ ہم میں سے اکثر لوگ اپنے ظاہری وجود کے بارے میں خاصے حساس ہوتے ہیں؛ چہرے پر ایک معمولی داغ نظر آجائے تو آئینہ دوبارہ دیکھتے ہیں، لباس میں شکن ہو تو اسے درست کرتے ہیں، بالوں کی ترتیب خراب ہو تو اسے سنوارتے ہیں، لیکن اپنے مزاج میں پیدا ہونے والی سختی، اپنی گفتگو میں آنے والی تلخی، اپنی سوچ میں پیدا ہونے والے تعصبات اور اپنے کردار میں پڑنے والی دراڑوں کو دیکھنے کے لیے ہمارے پاس کوئی آئینہ نہیں ہوتا۔

یہی وہ مقام ہے جہاں شخصیت سازی کا اصل سوال پیدا ہوتا ہے۔ کیا شخصیت صرف وہ ہے جو نظر آتی ہے، یا وہ بھی ہے جو محسوس ہوتی ہے؟ کیا انسان کی خوب صورتی صرف اس کے چہرے میں ہے، یا اس کے خیالات، الفاظ، رویے، تعلقات اور کردار میں بھی کوئی حسن ہوتا ہے؟ دراصل انسان کی ظاہری صورت اس کا ابتدائی تعارف ضرور ہے، مگر اس کی مکمل شناخت نہیں۔ صورت ہماری نظر کو متوجہ کر سکتی ہے، لیکن سیرت انسان کو یاد رکھنے کے قابل بناتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شخصیت سازی کا سفر آئینے کے سامنے کھڑے ہونے سے شروع تو ہوسکتا ہے، لیکن اسے آئینے پر ختم نہیں ہونا چاہیے۔

آئینہ صرف چہرہ دکھاتا ہے

آئینہ ایک عجیب چیز ہے۔ وہ انسان کے سامنے بالکل سچ بولتا ہے، لیکن صرف اتنا سچ جتنا وہ دکھا سکتا ہے۔ وہ چہرہ دکھاتا ہے، لباس دکھاتا ہے، بال دکھاتا ہے، رنگ و روپ دکھاتا ہے؛ مگر یہ نہیں بتاتا کہ اس شخص کی گفتگو کیسی ہے، وہ غصے میں کیسا ہوجاتا ہے، اختلاف کے وقت اس کا رویہ کیا ہوتا ہے، کمزور آدمی کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتا ہے، اپنے سے کمتر سمجھے جانے والے شخص کے ساتھ کس لہجے میں بات کرتا ہے، یا تنہائی میں اس کا کردار کیا ہے۔

ہم چہرے کی خشکی دیکھ کر فوراً کریم تلاش کر لیتے ہیں؛ لیکن اگر لہجے میں خشکی پیدا ہوجائے تو اس کے لیے کیا تلاش کرتے ہیں؟ جسم پر خوشبو لگاتے ہیں، لیکن کیا ہماری گفتگو سے بھی خوش اخلاقی کی خوشبو آتی ہے؟ لباس کی شکن درست کرتے ہیں، لیکن تعلقات میں پڑی ہوئی شکنوں کا کیا؟ چہرے پر تھکن محسوس ہو تو آرام کرتے ہیں، لیکن دل اور ذہن کی تھکن کو کب محسوس کرتے ہیں؟ تصویر اچھی نہ آئے تو دوبارہ تصویر بناتے ہیں، لیکن اگر کسی کے دل میں ہماری تصویر خراب بن گئی ہو تو اسے درست کرنے کے لیے کیا کرتے ہیں؟

یہ سوالات دراصل ظاہری خوب صورتی کے خلاف نہیں بلکہ ترجیحات کے عدم توازن کے خلاف ہیں۔ صفائی، نفاست، خوب صورتی، لباس، خوشبو اور ظاہری وقار انسانی زندگی کا حصہ ہیں اور ان کی اپنی اہمیت ہے؛ لیکن جب صورت کی تعمیر سیرت کی تعمیر پر غالب آجائے تو شخصیت یک رخی ہوجاتی ہے۔ انسان کو اپنے چہرے کے ساتھ اپنی فکر بھی سنوارنی ہے، اپنے لباس کے ساتھ اپنے الفاظ بھی، اپنی ظاہری شخصیت کے ساتھ اپنے باطن کو بھی۔

اسی لیے اصل ضرورت یہ نہیں کہ آئینہ ہٹا دیا جائے؛ ضرورت یہ ہے کہ آئینے کے ساتھ ایک اور آئینہ بھی رکھا جائے اور وہ آئنہ ہے ضمیر کا آئینہ۔ پہلا آئینہ بتائے کہ ہم کیسے دکھائی دیتے ہیں، دوسرا یہ بتائے کہ ہم حقیقت میں کیسے ہیں۔

شخصیت: خرچ نہیں، سرمایہ کاری بھی

جب ظاہری صورت اور باطنی سیرت کا فرق واضح ہوجائے تو اگلا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم اپنی شخصیت پر کتنی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ انسان اپنی زندگی میں بے شمار چیزوں پر پیسہ خرچ کرتا ہے، مگر ہر خرچ سرمایہ کاری نہیں ہوتا۔ کچھ چیزیں استعمال ہوکر ختم ہوجاتی ہیں، کچھ وقت کے ساتھ پرانی ہوجاتی ہیں، جبکہ کچھ ایسی ہوتی ہیں جن کی قدر وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی جاتی ہے۔

لباس پر خرچ کیا، وہ کچھ عرصے بعد پرانا ہوجائے گا۔ ایک نیا انداز آیا، پھر دوسرا انداز آگیا۔ ایک چیز پسند آئی، کچھ عرصے بعد اس سے دل بھر گیا۔ لیکن ایک اچھی کتاب، ایک مفید تربیت، بہتر گفتگو کی صلاحیت، جذبات کو سمجھنے کی اہلیت، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، فیصلہ سازی کی بصیرت اور مضبوط کردار۔ یہ وہ سرمایہ ہے جو وقت کے ساتھ ضائع نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے۔

اس لیے شخصیت سازی کا مالی پہلو بھی کم اہم نہیں۔ سوال صرف یہ نہیں کہ ہم کتنا کماتے ہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ ہم اپنی کمائی کو کن چیزوں میں تبدیل کرتے ہیں۔ کیا ہمارے بجٹ میں صرف ظاہری ضروریات ہیں یا علم کے لیے بھی حصہ ہے؟ کیا ہمارے وقت میں صرف مصروفیات ہیں یا مطالعے، تربیت اور فکری نشوونما کے لیے بھی جگہ ہے؟ کیا ہم اپنی اولاد کے لباس، خوراک اور ظاہری ضروریات پر توجہ دیتے ہیں، مگر ان کی فکری اور جذباتی تربیت کو اتفاق پر چھوڑ دیتے ہیں؟

اصل مسئلہ خرچ کرنے میں نہیں، خرچ کی سمت میں ہے۔ ہر خواہش ضرورت نہیں ہوتی، ہر ترغیب بنیادی ضرورت نہیں ہوتی، ہر رعایت بچت نہیں ہوتی اور ہر مہنگی چیز قیمتی نہیں ہوتی۔ ایک باشعور انسان خریدنے سے پہلے صرف قیمت نہیں دیکھتا؛ وہ یہ بھی دیکھتا ہے کہ اس چیز کی اس کی زندگی میں حقیقی ضرورت کیا ہے۔

یہ شعور صرف پیسے تک محدود نہیں۔ وقت بھی سرمایہ ہے، توجہ بھی سرمایہ ہے، توانائی بھی سرمایہ ہے۔ انسان جس چیز کو اپنا وقت دیتا ہے، دراصل اپنی زندگی کا ایک حصہ اسے دے رہا ہوتا ہے۔ اسی لیے وقت کا انتظام صرف ڈائری بنانے یا مصروفیات ترتیب دینے کا نام نہیں؛ یہ اس شعور کا نام ہے کہ میری زندگی کا کتنا حصہ کس چیز میں تبدیل ہورہا ہے۔

ذہن کی تعمیر: شخصیت کا پوشیدہ ڈھانچہ

ظاہری شخصیت کی تعمیر کے بعد سب سے اہم سوال ذہن کی تعمیر کا ہے، کیونکہ انسان کا رویہ اکثر اس کی سوچ کا نتیجہ ہوتا ہے۔ جسم کو ورزش نہ دی جائے تو کمزور ہوجاتا ہے؛ ذہن کو بھی اگر مطالعہ، غوروفکر، مشاہدہ، سوال، مکالمہ اور تجربہ نہ ملے تو وہ رفتہ رفتہ جمود کا شکار ہوجاتا ہے۔

ذہنی تربیت کا مطلب معلومات جمع کرنا نہیں۔ آج معلومات کی کمی نہیں؛ مسئلہ یہ ہے کہ معلومات کے ساتھ ذہن کا برتاؤ کیا ہے۔ تنقیدی سوچ اسی لیے ضروری ہے۔ تنقیدی سوچ کا مطلب ہر بات کی مخالفت یا ہر شخص پر شک کرنا نہیں، بلکہ یہ صلاحیت پیدا کرنا ہے کہ انسان کسی بات کو قبول کرنے سے پہلے اس کی بنیاد، مصدر، مقصد، دلیل اور نتائج کو دیکھ سکے۔

ہر آواز کے پیچھے چلنا شعور نہیں۔ باشعور انسان پہلے دیکھتا ہے کہ آواز اسے کس سمت لے جارہی ہے۔ وہ پوچھتا ہے: یہ بات کس نے کہی؟ کیا وہ معتبر ہے؟ دلیل کیا ہے؟ یہ حقیقت ہے یا رائے؟ اس کے پیچھے مقصد کیا ہے؟ اور اگر میں اسے قبول کرلوں تو میری سوچ، میرے فیصلے اور میرے عمل پر اس کا کیا اثر پڑے گا؟

اسی ذہنی تربیت کا دوسرا اہم پہلو مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت ہے۔ غیر تربیت یافتہ ذہن مشکل کے سامنے کھڑا ہوکر پوچھتا ہے: یہ میرے ساتھ ہی کیوں ہوا؟ تربیت یافتہ ذہن اسی مقام پر ایک اور سوال پیدا کرتا ہے: اب میں کیا کرسکتا ہوں؟ اگلا قدم کیا ہے؟ پہلا سوال انسان کو ماضی میں قید رکھ سکتا ہے، دوسرا اسے مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔

اسی طرح فیصلہ سازی بھی شخصیت کا بنیادی حصہ ہے۔ زندگی دراصل بڑے فیصلوں سے کم اور چھوٹے چھوٹے مسلسل فیصلوں سے زیادہ بنتی ہے۔ کس چیز کو اہم سمجھنا ہے، کس چیز کو نظر انداز کرنا ہے، کس کے ساتھ وقت گزارنا ہے، کس بات پر خاموش رہنا ہے، کس موقع پر انکار کرنا ہے، کہاں اپنی رائے تبدیل کرنی ہے—یہ سب مل کر شخصیت بناتے ہیں۔

جذبات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، لیکن انہیں فیصلہ سازی کا واحد حاکم بھی نہیں بنانا چاہیے۔ جذبات کو سنیے، مگر فیصلہ بصیرت سے کیجیے۔

اور پھر توجہ کا مسئلہ ہے۔ آج کا انسان صرف کاموں کی کثرت سے نہیں تھکتا؛ وہ توجہ کے بکھراؤ سے بھی تھکتا ہے۔ ہر خبر ضروری نہیں، ہر بحث میں شریک ہونا ضروری نہیں، ہر وائرل چیز دیکھنا ضروری نہیں، ہر سوال کا جواب دینا ضروری نہیں۔ ذہنی بلوغت کا ایک حصہ یہ جاننا بھی ہے کہ کیا سوچنا ہے اور کس چیز کے بارے میں نہیں سوچنا۔

معلومات سے بصیرت تک

مطالعہ ذہن کو مواد فراہم کرتا ہے، لیکن اصل کمال اس وقت پیدا ہوتا ہے جب معلومات آپس میں جڑ کر بصیرت بننے لگیں۔ صرف کتابیں پڑھ لینا ذہن سازی نہیں؛ پڑھی ہوئی باتوں کو زندگی، حالات، تجربات اور مسائل کے ساتھ جوڑنا ذہن سازی ہے۔ ایک باشعور انسان معلومات کا ذخیرہ نہیں بنتا، وہ معلومات سے فکر پیدا کرتا ہے۔

اسی طرح تخلیقی صلاحیت بھی محض فنون یا اختراعات تک محدود نہیں۔ کسی مسئلے کو نئے زاویے سے دیکھنا، معمول کے طریقے سے ہٹ کر حل تلاش کرنا، ایک ہی حقیقت کی مختلف جہتوں کو سمجھنا، یہ سب تخلیقی ذہن کی علامتیں ہیں۔

لیکن یہاں ذہنی تربیت کا ایک نہایت اہم اخلاقی مرحلہ آتا ہے: اپنی رائے پر نظرِ ثانی کرنے کی صلاحیت۔ جس انسان کو اپنی ہر رائے آخری سچ محسوس ہونے لگے، اس کا ذہن بڑھنا بند ہوجاتا ہے۔ علمی پختگی یہ ہے کہ انسان ضرورت پڑنے پر کہہ سکے: ہاں، یہاں میں غلط تھا؛ مجھے دوبارہ سوچنا چاہیے تھا؛ آپ کی بات میں وزن ہے۔

غلطی مان لینا شکست نہیں؛ یہ ذہنی نشوونما کی علامت ہے۔

ذہن روشن ہو، مگر کردار سمت متعین کرے

لیکن ذہن کی روشنی بھی کافی نہیں۔ دنیا میں ایسے ذہین لوگ بھی گزرے ہیں جن کی ذہانت نے انہیں کامیاب تو بنایا، مگر ان کے کردار نے انہیں قابلِ اعتماد نہیں رہنے دیا۔ اسی لیے شخصیت سازی کا اگلا اور بنیادی مرحلہ کردار سازی ہے۔

دیانت داری، احساسِ ذمہ داری، وعدے کی پابندی، ضبطِ نفس، صبر، شکر، عاجزی، جرأتِ کردار، امانت داری اور خدمتِ خلق—یہ محض اخلاقی خوبیاں نہیں بلکہ شخصیت کی بنیادی ساخت ہیں۔

دیانت داری کا اصل امتحان اس وقت نہیں ہوتا جب لوگ ہمیں دیکھ رہے ہوں؛ اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب انسان تنہا ہو۔ ذمہ داری کا اصل مطلب یہ نہیں کہ کامیابی کا کریڈٹ لے لیا جائے؛ ذمہ داری یہ بھی ہے کہ ناکامی کا بوجھ اٹھایا جائے۔ وعدے کی پابندی اس وقت معلوم ہوتی ہے جب وعدہ پورا کرنا مشکل ہوجائے۔ ضبطِ نفس اس وقت سامنے آتا ہے جب انسان کے پاس غصے کا پورا جواز موجود ہو مگر وہ اپنے آپ کو قابو میں رکھے۔

صبر کا مطلب صرف خاموش رہنا نہیں؛ مشکل حالات میں اپنی سمت اور وقار برقرار رکھنا بھی صبر ہے۔ شکر صرف زبان پر الحمدللہ کہنے کا نام نہیں؛ نعمت کی قدر، درست استعمال اور اس کے ذریعے خیر پیدا کرنا بھی شکر ہے۔ عاجزی یہ ہے کہ مقام بلند ہونے کے باوجود انسان اپنے آپ کو دوسروں سے برتر سمجھنے کے مرض میں مبتلا نہ ہو۔ جرأتِ کردار یہ ہے کہ حق بات کہنے اور صحیح فیصلے پر قائم رہنے کی قوت پیدا ہو، خواہ اس کی قیمت بھی ادا کرنی پڑے۔

یہاں شخصیت کا ایک بنیادی اصول سامنے آتا ہے: ذہن روشنی پیدا کرتا ہے، لیکن کردار طے کرتا ہے کہ وہ روشنی کس سمت جائے گی۔

جذبات: شخصیت کا اندرونی موسم

کردار کے بعد شخصیت کا ایک اور نہایت حساس پہلو جذبات ہیں۔ انسان صرف عقل سے نہیں چلتا؛ اس کے اندر احساسات کی ایک پوری دنیا آباد ہوتی ہے۔ غصہ، خوف، دکھ، حسد، مایوسی، محرومی، خوشی، محبت، امید، یہ سب انسانی تجربے کا حصہ ہیں۔

جذباتی تربیت کا مطلب یہ نہیں کہ انسان جذبات سے خالی ہوجائے۔ بلکہ اصل تربیت یہ ہے کہ انسان اپنے جذبات کو پہچان سکے، ان کا نام لے سکے، ان کے پیچھے موجود کیفیت کو سمجھ سکے اور پھر مناسب ردعمل اختیار کرے۔

جذبات کو دبانا تربیت نہیں؛ جذبات کو سمجھنا اور سنبھالنا تربیت ہے۔

بعض اوقات ایک شخص کی شکایت کے پیچھے صرف شکایت نہیں ہوتی؛ اس کے پیچھے احترام کی ضرورت ہوتی ہے۔ غصے کے پیچھے کبھی خوف چھپا ہوتا ہے، سختی کے پیچھے کبھی عدم تحفظ، اور مسلسل مطالبے کے پیچھے کبھی کسی بنیادی ضرورت کا احساس۔ اس لیے جذباتی پختگی انسان کو صرف یہ نہیں سکھاتی کہ سامنے والا کیا کہہ رہا ہے؛ وہ یہ بھی سکھاتی ہے کہ وہ ایسا کیوں کہہ رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ردعمل سے پہلے توقف ضروری ہے۔ فوری جواب ہمیشہ درست جواب نہیں ہوتا۔ بعض اوقات چند لمحوں کا توقف برسوں کے تعلق کو بچا لیتا ہے۔

گفتگو: شخصیت کی آواز

انسان کی شخصیت صرف دیکھی نہیں جاتی؛ وہ سنی بھی جاتی ہے، محسوس بھی کی جاتی ہے اور دوسروں تک منتقل بھی ہوتی ہے۔ لباس ایک خاموش تعارف ہے، مگر گفتگو ہماری اندرونی دنیا کی آواز ہے۔

الفاظ، لہجہ، آواز کا اتار چڑھاؤ، وقفہ، چہرے کے تاثرات، مخاطب کی بات سننے کا انداز، یہ سب مل کر شخصیت کا پیغام بناتے ہیں۔ اسی لیے اچھی گفتگو محض بولنے کی مہارت نہیں؛ یہ شعور، احترام، فہم اور ضبط کا مجموعہ ہے۔

ہم عموماً یہ سمجھتے ہیں کہ بہترین مقرر وہ ہے جو بہت اچھا بول لے، لیکن حقیقت میں گفتگو کا کمال صرف بولنے میں نہیں۔ کمالِ گفتگو یہ نہیں کہ آپ نے کیا کہا؛ کمال یہ ہے کہ آپ کے مخاطب نے کیا سمجھا اور کیا محسوس کیا۔

ایک سخت جملہ برسوں کے تعلق کو زخمی کرسکتا ہے اور ایک نرم، بروقت اور باوقار جملہ فاصلے کم کرسکتا ہے۔ نرم لہجہ کمزوری نہیں؛ بعض اوقات وہ اندرونی مضبوطی کی سب سے واضح علامت ہوتا ہے، کیونکہ اپنے لہجے کو قابو میں رکھنا اپنے نفس کو قابو میں رکھنے کی ایک صورت ہے۔

اسی لیے شخصیت سازی میں بولنے کے ساتھ سننے کی تربیت بھی ضروری ہے۔ جو شخص صرف بولنا جانتا ہے وہ شاید گفتگو کرسکتا ہے، لیکن جو شخص سننا جانتا ہے وہ انسان کو سمجھ سکتا ہے۔

تعلقات: شخصیت کا عملی امتحان

شخصیت کی اصل آزمائش اس وقت ہوتی ہے جب انسان دوسروں کے ساتھ رہتا ہے۔ گھر، خاندان، ادارہ، دفتر، دوست، پڑوسی اور معاشرہ، یہ سب ہماری شخصیت کے آئینے ہیں۔

ایک شخص باہر کی دنیا میں بہت شائستہ، نفیس اور خوش اخلاق نظر آسکتا ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ اس کے ساتھ رہنے والے لوگ اس کے قریب رہ کر کیا محسوس کرتے ہیں۔ کیا گھر والے اس سے بات کرتے ہوئے اطمینان محسوس کرتے ہیں؟ کیا اس کے بچے اس کے سامنے اپنے سوالات رکھ سکتے ہیں؟ کیا اس کے شریکِ حیات کو اختلاف کی گنجائش ہے؟ کیا اس کے ساتھی اس کے سامنے اپنی رائے دے سکتے ہیں؟ کیا کمزور آدمی اس کے پاس عزت محسوس کرتا ہے؟

یہاں شخصیت کا ایک نہایت خوب صورت اصول سامنے آتا ہے:

چہرہ ملاقات کروا دیتا ہے، کردار تعلق بڑھاتا ہے۔

تعلقات صرف تحائف، تقریبات، ظاہری آداب یا رسمی ملاقاتوں سے نہیں بنتے۔ تعلقات کو وقت چاہیے، توجہ چاہیے، اعتماد چاہیے، حدود کا احترام چاہیے اور سب سے بڑھ کر دوسرے انسان کے احساسات کو سمجھنے کی صلاحیت چاہیے۔

اس لیے شخصیت سازی کا سب سے بڑا میدان شاید گھر ہی ہے۔ باہر کے لوگ ہماری شخصیت کا ایک حصہ دیکھتے ہیں، گھر والے ہماری پوری شخصیت دیکھتے ہیں۔

گھر سے محلے تک: شخصیت سازی کا اجتماعی دائرہ

اگر گھر شخصیت سازی کی پہلی درس گاہ ہے تو محلہ اور معاشرہ اس درس گاہ کا وسیع میدان ہے۔ ایک بستی صرف مکانوں کا مجموعہ نہیں؛ اگر شعور کے ساتھ کام کیا جائے تو وہ انسان سازی کی درس گاہ بن سکتی ہے۔

محلے میں مطالعے کے حلقے ہوں، نوجوانوں کے لیے فکری نشستیں ہوں، گفتگو اور اظہار کے مواقع ہوں، تخلیقی سرگرمیاں ہوں، خاندانی تربیت کے پروگرام ہوں، بزرگوں کے تجربات نوجوانوں تک منتقل ہوں اور مسجد، مدرسہ، اسکول اور گھر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تربیتی مراکز بن جائیں تو معاشرہ محض رہنے کی جگہ نہیں رہتا؛ وہ انسان بنانے کا نظام بن جاتا ہے۔

ہمارے بزرگوں کے پاس، اور علمائے کرام کے پاس زندگی کے ایسے تجربات موجود ہیں جو کئی کتابوں کے برابر ہوسکتے ہیں۔ ضرورت صرف یہ ہے کہ ان تجربات کو اگلی نسل تک منتقل کرنے کا مؤثر طریقہ پیدا کیا جائے۔ نئی نسل کو صرف نصیحت نہیں چاہیے؛ اسے مکالمہ چاہیے، اعتماد چاہیے، مثال چاہیے اور عملی رہنمائی چاہیے۔

اور اگر گھر، مدرسہ، اسکول، مسجد اور معاشرہ تربیت کا یہ خلا چھوڑ دیں تو یہ خلا خالی نہیں رہتا۔ خالی ذہن اور خالی دل زیادہ دیر خالی نہیں رہتے۔ پھر کوئی نہ کوئی اس خلا کو پُر کرتا ہے۔

بازار، میڈیا اور خواہشات کی تشکیل

آج اس خلا کو پُر کرنے والے سب سے طاقتور ذرائع میں میڈیا، اشتہارات، فلم، فیشن اور اسکرین شامل ہیں۔ مسئلہ صرف یہ نہیں کہ وہ ہمیں چیزیں دکھاتے ہیں؛ مسئلہ یہ ہے کہ وہ کبھی کبھی ہماری خواہشات کی تعریف بھی کرنے لگتے ہیں۔

اگر انسان گھر سے ایک فہرست لے کر بازار جائے اور صرف وہی خریدے جو اسے درکار ہے تو فیصلہ انسان کررہا ہے۔ لیکن اگر بازار اسے یہ بتانے لگے کہ اسے کیا چاہیے، کیسا دکھائی دینا چاہیے، کس طرزِ زندگی کو کامیابی سمجھنا چاہیے اور کس چیز کے بغیر اس کی زندگی نامکمل ہے، تو پھر خواہشات کی تعمیر باہر سے ہونے لگتی ہے۔

اشتہار اکثر ضرورت نہیں بیچتا؛ وہ ضرورت کا احساس پیدا کرتا ہے۔ پہلے خواہش پیدا ہوتی ہے، پھر خواہش کو ضرورت کا نام ملتا ہے، پھر انسان اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بازار کی طرف جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آج میڈیا لٹریسی بھی شخصیت سازی کا لازمی حصہ ہے۔ ہر خبر خبر نہیں ہوتی، ہر تصویر حقیقت نہیں ہوتی، ہر وائرل بات معتبر نہیں ہوتی۔ ہمیں دیکھنا، پرکھنا اور پھر قبول یا شیئر کرنا سیکھنا ہوگا۔

فلٹر چہرہ بدل سکتا ہے، لیکن کردار نہیں۔ تصویر کو خوب صورت بنایا جاسکتا ہے، لیکن انسان کے اندر خودی، اعتماد، حکمت، علم اور وقار کسی فلٹر سے پیدا نہیں ہوتے۔

اس لیے بنیادی سوال یہ ہے:
ہماری تعمیر کون کررہا ہے؟
گھر؟ علم؟ کتاب؟ دین؟ تربیت؟ یا اشتہار، اسکرین، بازار اور فیشن؟

اگر انسان اپنی شخصیت کی تعمیر کا اختیار شعوری طور پر اپنے ہاتھ میں نہ رکھے تو کوئی نہ کوئی دوسرا ضرور اسے تعمیر کرے گا۔

تقویٰ: شخصیت کی آخری اور اعلیٰ منزل

اور پھر اس پورے سفر کی آخری منزل روحانی ہے۔ اسلام نے خوب صورتی سے منع نہیں کیا، صفائی سے منع نہیں کیا، نفاست سے منع نہیں کیا۔ اللہ تعالیٰ نے زینت اختیار کرنے کی اجازت دی، رسول اللہ ﷺ نے حسن اور پاکیزگی کی تعلیم دی؛ لیکن اسلام نے انسان کو یہ بھی بتایا کہ ظاہری زینت اپنی جگہ ہے اور باطنی زینت اپنی جگہ۔

قرآن کا اعلان ہے:

وَلِبَاسُ التَّقْوَىٰ ذَٰلِكَ خَيْرٌ

تقویٰ کا لباس سب سے بہتر ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں شخصیت سازی اپنی تکمیل کو پہنچتی ہے۔ لباس بدن کو ڈھانپتا ہے، لیکن تقویٰ انسان کے باطن کو سنوارتا ہے۔ خوشبو جسم کو معطر کرتی ہے، لیکن کردار انسان کی موجودگی کو معطر کرتا ہے۔ ظاہری حسن لوگوں کی نگاہ کو متاثر کرتا ہے، لیکن باطنی حسن اللہ کے ہاں قدر پیدا کرتا ہے۔

قرآن نے زینت کا حکم دیتے ہوئے اسراف سے بھی روکا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسلام حسن کے خلاف نہیں، بے اعتدالی کے خلاف ہے؛ نعمت کے خلاف نہیں، نعمت کے ضیاع کے خلاف ہے؛ لباس کے خلاف نہیں، لباس کو شخصیت کا معیار بنا دینے کے خلاف ہے۔
اصل مطلوب توازن ہے: بدن بھی سنورا ہوا ہو اور دل بھی؛ لباس بھی پاکیزہ ہو اور کردار بھی؛ چہرہ بھی روشن ہو اور فکر بھی؛ گفتگو بھی نفیس ہو اور نیت بھی۔

ادنیا شاید ہمارے لباس کا برانڈ دیکھے، لیکن اللہ ہمارے دل اور اعمال کو دیکھتا ہے۔ دنیا ہمارے چہرے سے متاثر ہوسکتی ہے، لیکن آخرت میں ہمارے کردار کا وزن ہوگا۔

اس لیے انسان کو صرف یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ میں لوگوں کو کیسا نظر آتا ہوں؟ بلکہ یہ بھی سوچنا چاہیے کہ میں اللہ کے سامنے کیسا ہوں؟

یہی سوال صورت سے سیرت کا سفر مکمل کرتا ہے۔

آخرکار شخصیت سازی کا مقصد یہ نہیں کہ انسان صرف خوب صورت دکھائی دے؛ مقصد یہ ہے کہ اس کی خوب صورتی اس کے کردار میں اترے، اس کا علم اس کے عمل میں ظاہر ہو، اس کی تربیت اس کے رویے میں محسوس ہو، اس کی گفتگو دوسروں کے لیے سکون بنے، اس کے تعلقات اعتماد پیدا کریں، اس کی موجودگی خیر کا ذریعہ بنے اور اس کا باطن تقویٰ سے آباد ہو۔

صورت ہماری نظر کو متوجہ کرتی ہے، مگر سیرت ہماری پہچان بنتی ہے۔
صورت پہلی نظر میں متاثر کرتی ہے، مگر کردار وقت کے ساتھ اعتبار بناتا ہے۔
لباس خاموش تعارف ہے، مگر کردار مکمل تعارف ہے۔

لہٰذا ہمیں آئینہ بھی چاہیے اور کتاب بھی؛ خوشبو بھی چاہیے اور خوش اخلاقی بھی؛ ظاہری وقار بھی چاہیے اور باطنی معیار بھی۔ ہمیں لباس کو بھی نفیس رکھنا ہے اور الفاظ کو بھی۔ چہرے کو بھی روشن رکھنا ہے اور فکر کو بھی۔ بدن کو بھی لباس دینا ہے اور روح کو بھی تقویٰ کا لباس پہنانا ہے۔

کیونکہ شخصیت کی سب سے خوب صورت شکل وہ ہے جہاں صورت، سیرت کا دیباچہ بن جائے؛ اور سیرت، انسان کی آخرت کا سرمایہ۔

گوشۂ سہولت سے ایک قدم باہر: رسول ﷺ کی سیرت سے مسلسل جدوجہد کا سبق

انسان کو آرام چاہیے، سکون چاہیے، اپنے لیے ایک ایسی جگہ چاہیے جہاں زندگی کی دوڑ کچھ دیر کے لیے تھم جائے، ذمہ داریوں کا بوجھ ہلکا محسوس ہو اور آدمی خود کو محفوظ سمجھے۔ یہ انسانی فطرت ہے اور

مصنف: ابرار حسین
تاریخ: 3 اکتوبر 2026
فقہ النوازل میں فقہاء کا منہج

اسلامی شریعت اپنی ساخت اور مزاج کے اعتبار سے ایک جامع اور ہمہ گیر نظامِ حیات ہے جو ہر دور اور ہر معاشرتی صورتِ حال میں رہنمائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم انسانی معاشرہ جامد نہیں بلکہ مسلسل

مصنف: مولانا عزیر احمد
تاریخ: 1 اکتوبر 2026
کتب حدیث میں ضعیف وموضوع روایات کے ذکر کےاسباب و مقاصد:اصولی و تحقیقی مطالعہ

تمہیدعلمِ حدیث اسلامی علوم کا وہ عظیم الشان شعبہ ہے جس کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال، افعال اور تقریرات کو محفوظ کیا گیا۔ محدثینِ کرام نے اپنی پوری زندگیاں اس مقدس علم کی خدمت میں

مصنف: محمد ندیم محمد
تاریخ: 1 اکتوبر 2026
مقدمہ صحیح مسلم اور علل الصغیر ترمذی کے مناہج جرح و تعدیل کا تقابلی مطالعہ

تمہیدتیسری صدی ہجری علمِ حدیث کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دور ہے، جس میں احادیثِ نبویہ کی جمع و تدوین کے ساتھ رواۃ کی جانچ پڑتال اور نقدِ حدیث کے باقاعدہ اصول مرتب کیے گئے۔ اس علمی

مصنف: محمد ذیشان
تاریخ: 1 اکتوبر 2026
وراثت میں عورت کے حق کی شرعی حیثیت اور پاکستانی معاشرت میں عملی اطلاق(تحقیقی و تنقیدی مطالعہ)

انسانی معاشرے میں وراثت محض مالی وسائل کی تقسیم کا نام نہیں بلکہ معاشی انصاف، خاندانی استحکام اور سماجی توازن کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ کسی بھی معاشرے میں وراثتی نظام اس کے قانونی، اخلاقی اور تہذیبی تصورات کی عکاسی

مصنف: حافظ بابر حسین ستی
تاریخ: 30 ستمبر 2026
ذکراللہ سے غفلت؛ معاشرتی اثرات

تمہید :‑انسان جسے اللہ رب العزت نے تمام مخلوقات میں اشرف بنایا ہے اپنے حقیقی خالق کی یاد سے غفلت اس کو پستی کا شکار بنا دیتی ہے میرا عنوان اگرچہ خالص دینی ہے لیکن اس کے معاشرے اگر اس

مصنف: نازیہ فضل
تاریخ: 30 ستمبر 2026